لاہور: 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد تشدد کرکے قتل کردیا
لاہور+ قصور (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) نواب ٹائون کے علاقہ میں نامعلوم ملزمان نے 7 سالہ بچی کو اغواء اور زیادتی کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا اور نعش سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگئے۔ نواب ٹائون میں علاقہ نواب صاحب کے قریب سڑک کنارے 7 سالہ بچی کی تشدد زدہ نعش دیکھ کر لوگوں نے پولیس کو اطلاع کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش قبضے میں لے کر اس کی شناخت کے لئے مساجد میں اعلانات کرائے مگر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ بچی کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ پولیس کے مطابق بچی کسی اچھے گھرانے کی معلوم ہوتی ہے جسے سفاک ملزمان نے قتل کرکے نعش سڑک کنارے پھینک دی۔ شبہ ہے اسے نامعلوم ملزمان نے اغوا اور زیادتی کے بعد تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا اور نعش یہاں سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا کر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم اور ورثاء کے ملنے کے بعد سامنے آئیں گے۔ علاوہ ازیں قصور میں کنگن پور کے نواحی گائوں رانی پور میں ایک جعلی پیر نے ایک لڑکی کو بے آبرو کر دیا۔لڑکی کے والد عبدالغفور کے مطابق اس کی والدہ دل کے عارضہ میں مبتلا تھی محلہ کی ایک عورت نے توہم پرستی کامظاہرہ کرتے عبدالغفور کو بتایا اس کی والدہ پر جنات کا سایہ ہے سردار ایک پیر جو کالا علم جانتا ہے وہ جنات کے ذریعے اس کی والدہ کا علاج کر سکتا ہے۔ عبدالغفور نے سردار علی نامی پیر کو اپنی ماں کے علاج کے بارے میں کہا تو جعلی پیر نے کہا علاج اس گھر میں رہ کر کرنا پڑے گا کیونکہ اس کے گھر میں جنات کا سایہ ہے جس پرایک ماہ قبل عبدالغفور جعلی پیر کو اپنے گھر لے آیا اورجعلی پیر مختلف طریقوں سے اس کے گھر میں عمل کرتا رہا اس دوران جعلی پیر نے عبدالغفور کی بیٹی کوجنات کے بہانے ڈرا دھمکا کر بے آبرو کر دیا۔ وقوعہ کے روز بھی پیر عبدالغفور کی بیٹی کے ساتھ منہ کالا کر رہا تھا اہل خانہ نے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس تھانہ کنگن پور مصروف تفتیش ہے۔