لاہور میں 6 ماہ کے دوران موٹر سائیکل، گاڑی چوری، ڈکیتی کی 3358 وارداتیں
لاہور(میاں علی افضل سے) صوبائی دارالحکومت میں 2014 کے پہلے6 ماہ کے دوران چوروں اور ڈاکوئوں نے 3ہزار 3سو 58شہریوں کو کروڑوں روپے کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا، گاڑیاں اور موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے کی سب سے زیادہ وارداتیں ماڈل ٹائون ڈویژن میں ہوئیں، بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، پولیس9 سو 27 ملزمان کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگا سکی ڈاکوئوں و چوروں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے شہری شدید خوف وہراس میں مبتلا ہیں جبکہ پولیس مکمل طور پر جرائم کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی۔ وارداتوں کی روک تھام کیلئے پولیس پٹرولنگ میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔ شہر میں ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر شہریوں سے 20گاڑیاں اور 273موٹر سائیکلیں چھینیں جبکہ مختلف وارداتوں کے دوران چوروں نے شہریوں کی 651گاڑیاں اور 2ہزار 4سو14موٹرسائیکلیں غائب کردیں۔ سٹی ڈویژن میں مجموعی طور پر 476وارداتیں ہوئیں جن میں موٹر سائیکل چوری کی 380، گاڑی چوری کی 42، موٹر سائیکل ڈکیتی کی 54وارداتیں شامل ہیں۔ صدر ڈویژن میں موٹر سائیکل چوری کی 429 وارداتیں، گاڑی چوری کی 78وارداتیں، موٹرسائیکل ڈکیتی کی 54وارداتیں اور گاڑیوں چھیننے کی 16وارداتیں ہوئیں۔ اقبال ٹاون ڈویژن میں موٹر سائیکل چوری کی 412، گاڑی چوری کی 103وارداتیں، موٹر سائیکل چھیننے کی 36 اور گاڑی چھیننے کی 1واردات ہوئی، کینٹ ڈویژن میں موٹر سائیکل چوری کی 329، گاڑی چوری کی74وارداتیں موٹرسائیکل چھیننے کی 50وارداتیں اور گاڑیاں چھیننے کی 3وارداتیں ہوئیں۔ سول لائن ڈویژن میں موٹر سائیکل چوری کی371 گاڑیاں چوری کی 83 وارداتیں، موٹر سائیکل چھیننے کی 22 وارداتیں ہوئیں جبکہ ماڈل ٹائون ڈویژن میں موٹر سائیکل چوری کی 493 گاڑی چوری کی 171 اور موٹر سائیکل چھیننے کی 47وارداتیں ہوئیں۔