پاکستان ریلوے کا عیدالفطر کے موقع پر 4 سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

لاہور (آئی این پی) ریلوے انتظامیہ نے عیدالفطر کے موقع پر اضافی رش کے پیش نظر عوام کی سہولت کیلئے ملک بھر سے چار سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی ٹرین کراچی سے پشاور کیلئے 6 اگست کو صبح 11 بجے کراچی کینٹ سے روزانہ ہو کر براستہ مین لائن اگلے روز رات 9 بج کر 30 منٹ پر پشاور پہنچے گی۔ دوسری سپیشل ٹرین 7اگست کو کراچی کینٹ سے دن 11 بجے روانہ ہو کر روہڑی خانیوال سے ہوتی ہوئی اگلے روز دن 11بج کر 50منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ تیسری ٹرین 6 اگست کو کوئٹہ سے دوپہر 12 بجے روانہ ہو کر جیکب آباد، رحیم یار خان، ملتان کینٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 8 بجے راولپنڈی پہنچے گی۔ چوتھی ٹرین پشاور کینٹ سے 8 اگست کو دوپہر 12 بجے روانہ ہو کر رات 9 بجکر 10 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔