موٹر ویز پولیس کوپاکستان ہی نہیں ایشیا کاماڈل ادارہ بنا دیا جائیگا: ذوالفقار چیمہ

موٹر ویز پولیس کوپاکستان ہی نہیں ایشیا کاماڈل ادارہ بنا دیا جائیگا: ذوالفقار چیمہ

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں ہیوی وہیکلز کے ڈرائیوروں کو تربیت دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس سے حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی‘ موٹر وے پر سالٹ رینج کے دس کلو میٹر ایریا کو بھرپور روشن کرنے اور زیادہ موثر انتباہی بورڈ ز آویزاں کرنے کیلئے حکومت سے بات کی ہے‘ ورکشاپس این ایچ اے سے موٹر وے پولیس کو دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جسکے بعد پرزوں کی مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ قیمت میں تبدیلی کی شکایات دور ہو جائیں گی‘ موٹروے کو صرف پاکستان ہی نہیں ایشیاءکا ماڈل ادارہ بنائیںگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے محکمانہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ آئی جی موٹر وے نے کہا کہ موٹروے پر قانون کا یکساں نفاذ کیا گیا ہے ، اوور سپیڈنگ پر کئی وی آئی پیز شخصیات کو بھی جرمانے کئے گئے ہیں جبکہ سیٹ بیلٹ ‘ بیک لائٹ لگانے اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کااستعمال نہ کرنے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ موٹر وے عام شاہراہ نہیں، کوئی بھی شخص بغیر ڈرائیورنگ لائسنس گاڑی موٹر وے پر نہیں لا سکے گا اسکے علاوہ ان فٹ اور وہ گاڑیاں جنہیں ٹرکوں کی باڈیاں کاٹ کر بسیں بنایا گیا ہے موٹر وے پر سفر نہیں کر سکیں گی ،پرانے ٹائروں اور ناقص بریکس والی گاڑیوںکا بھی موٹر وے پر داخلہ ممنوعہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران اور اہلکاروں کو کہہ دیا ہے کہ شہریوں سے ایمانداری اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور جو مدد کرنے کا جذبہ رکھتا ہے وہی موٹر وے پولیس میں رہ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیاں انتہائی بائیں جانب چلیں اور اسکے لئے آگاہی مہم بھی چلائی گئی ہے جبکہ ٹول پلازوں پر بھی بریفنگ دی جارہی ہے اور اس کے لئے افسران ہفتے میں دو سے تین دن سخت پٹرولنگ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے ڈسپلن فورس ہے اور اسے مزید ڈسپلن میں لایا جائے گا اور انشا اللہ نہ صرف اسے پاکستان بلکہ ایشیاءکا ماڈل ادارہ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے کہا ہے کہ وہ اوور لوڈنگ نہ کریں کیونکہ اس سے ہماری سڑکیں تباہ ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر ویز کے پچاس سے زائد افسروں کو ناقص کارکردگی کے باعث معطل کردیا گیا ہے۔