محکمہ تعلقات عامہ کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی

لاہور (خبرنگار) محکمہ تعلقات عامہ (ڈی جی پی آر) کی ویب سائٹ اتوار کی صبح ہیک کر لی گئی۔ سائیٹ کو ”آئی ایم ایم آئی“ نامی ہیکر نے ہیک کیا۔ ہیکرز نے ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد اس پر پہلا جملہ ”کمال کرتے ہوئے پانڈے جی“ لکھا۔ بعد ازاں ”ابے یار حد ہو گئی، کتنی بار ہیک کریں گے اب تو محفوظ بنا لو“ جیسے پیغامات بھی ہیکرز نے بھیجے۔ سائٹ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ہیکرز کے قبضے میں رہی۔ پھر محکمہ تعلقات عامہ نے اپنی ویب سائٹ کا کنٹرول واپس لے لیا۔ سائٹ کو محفوظ بنانے کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔