ضمنی انتخابات: پنجاب میں پیپلزپارٹی عید کے بعد باقاعدہ انتخابی مہم شروع کرے گی

لاہور(خبرنگار) پیپلزپارٹی پنجاب عیدالفطر کے بعد ضمنی انتخابات کیلئے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کرے گی۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما رضا ربانی، اعتزاز احسن، قمر الزمان کائرہ، میاں منظور وٹو اور دیگر انتخابی مہم میں شرکت کریں گے اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فنانس سیکرٹری اورنگزیب برکی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری غلام محی الدین، سیکرٹری اطلاعات راجہ عامر خان، قائم مقام صدر پی پی پی لاہور زاہد ذوالفقار خان، سینئر نائب صدر فضل بٹ، جنرل سیکرٹری رانا شاعر، لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 129 سے امیدوار اشرف بھٹی، پی پی 150 سے امیدوار آصف ناگرہ، پی پی 142 کے امیدوار ملک ادریس، پی پی 161 سے امیدوار رانا اختر، سیالکوٹ سے امیدوار مشتاق مغل اور دیگر نے شرکت کی۔ میاں منظور وٹو نے کہا کہ تمام امیدوار اپنی مہم جاری رکھیں تاہم عید کے بعد مرکزی قیادت بھی ان کے جلسوں میں شرکت کرے گی۔ زاہد ذوالفقار خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے معاملات صرف 2 ماہ میں اتنے بگڑ چکے ہیں کہ صرف تھوڑی سے کوشش سے کامیابی مل جائے گی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ انہوں نے انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ سابق اراکین اسمبلی طارق بشیر اور ثمینہ گھرکی ان کے ہمراہ ہیں۔ رانا اختر نے کہا کہ راجپوت اور جٹ برادری نے انہیں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ملک ادریس نے کہا کہ وہ اپنی انتخابی مہم افطار پارٹیوں کے ذریعے چلا رہے ہیں۔ آصف ناگرہ نے کہا کہ اورنگزیب برکی ان کی مہم کے نگران ہیں۔