رمضان کا ایک ایک لمحہ قیمتی اور مبارک ہے: منسوب رحیمی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ ترتیل القرآن کے زیر اہتمام جامع مسجد سعدیہ چوہان روڈ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا منسوب احمد رحیمی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا ایک ایک لمحہ قیمتی اور مبارک ہے اس بابرکت مہینے سے فائدہ نہ اٹھانا بدقسمتی ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو اس ماہ مقدس میں اپنی خوشنودی حاصل کرنے کے لاتعداد مواقع دیتے ہیں۔ دن رات اللہ تعالیٰ کے انعامات کی بارش جاری رہتی ہے۔ ہر نیک عمل کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ روزہ دار کی دعائیں قبول ہوت ہیں۔ اس کے درجات ہر لمحہ بلند ہوتے ہیں روزہ دار اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر لیتا ہے ہمیں رمضان کا ایک پل بھی ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ روزہ نعمتوں کو تقسیم کرنے کا درس دیتا ہے۔ غریبوں کے دکھ درد اور مصائب کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز میں رمضان کا آخری عشرہ شروع ہو جائیگا جس میں شب قدر بھی ہے۔ یہ رات اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے جس میں دنیا بھر کی ر ہنمائی کیلئے قرآن پاک نازل کیا گیا۔