جامع مسجد القادسیہ میں 3 ہزار سے زائد مردوخواتین اعتکاف بیٹھیں گے ،پروفیسر حافظ سعید روزانہ تفسیر بیان کریں گے

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعةالدعوة کے زیر اہتمام جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی 3ہزار سے زائد مردوخواتین اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ اس سلسلہ میں تمام تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جماعةالدعوة کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تمام افراد کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد انہیں اعتکاف بیٹھنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ مرکز کے سکیورٹی انتظامات کیلئے خفیہ کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ معتکفین کیلئے حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت عمرفاروقؓ، حضرت عثمان غنیؓ اور حضرت علی المرتضیٰؓ کے ناموں پر بستیاں بنائی گئی ہیں۔ نماز تراویح قاری عبدالودود عاصم اور قاری سلمان اسد پڑھا رہے ہیں اور پروفیسر حافظ سعید روزانہ تراویح کے بعد تفسیر بیان کریں گے۔