بلاول، بختاور اور آصفہ بھٹو ہی بینظیر کے اصل وارث ہیں: قاضی احمد سعید

لاہور (خبر نگار) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ بےنظیر بھٹو کی اولاد بلاول بھٹو، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو ہی اپنی ماں کے وارث ہیں۔ ان ”وارثوں“ میں سے ایک کو آگے آ کر پارٹی کو ”سہارا“ دینا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک آمر نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے کلاشنکوف، ہیروئن اور مذہبی انتہا پسندی سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے جو بیج بوئے انہوں نے آج تناور درخت بن کر ہمارے معاشرے کو جکڑ رکھا ہے۔ آج کل ملک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے باعث جن مسائل سے دوچار ہے ان کو پیپلز پارٹی ہی دور کر سکتی ہے۔ لیکن بد قسمتی سے جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے اس کو کام کرنے نہیں دیا جاتا۔ آمرانہ سوچ رکھنے والے متحرک ہو کر پیپلز پارٹی کے گرد گھیرا تنگ کر دیتے ہیں۔