بھارت کو سخت پیغام نہ دیا تو جارحیت سے باز نہیں آئیگا: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے بھارتی فوج کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں پاکستانیوں کی شہادت اور چالیس سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بیرونی قوتوں کے اشارے پر سرحدوں پر دبائو بڑھانے کیلئے جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ یہ بھارت کی طرف سے کھلا اعلان جنگ ہے اس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے۔ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے‘ دہشت گرد بھارت کو مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو وہ جارحیت سے باز نہیں آئے گا۔ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پرکنٹرول لائن پر فائرنگ کا مسئلہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے بھارت کی تخریب کاری و دہشت گردی کے خاتمہ اور تحریک آزادی کشمیر کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر وہ سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ وہ دہشت گردی خود کر رہا ہے اور پروپیگنڈا پاکستان کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ مشرقی سرحدوں پر بھارتی جارحیت اور افغانستان سے دہشت گردوں کو تربیت دیکر پاکستان داخل کرنے کی سازشیں ایک ہی سلسلہ کی کڑی ہیں۔ پوری پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں اور اس کا بچہ بچہ سیسہ پلائی دیوار بن کر افواج پاکستان کی پشت پر کھڑا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کو کسی غلط فہمی کا شکار نہیں رہنا چاہئے۔ پاکستانی فوج اس کی ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دریں اثناء حافظ محمد سعید نے جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران اجتماع سے خطاب اور کارکنان کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قوم کو متحد کرکے ہی معاشرے سے فکری انتشار ختم کیا جا سکتا ہے۔ ملک کو اس وقت اتحاد کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔