ہربنس پورہ میں ’’مقابلہ‘‘ ریٹائرڈ کرنل کے قاتل 2 ڈاکو ہلاک

لاہور (نامہ نگار) ہربنس پورہ کے علاقہ میں سی آئی اے کینٹ پولیس نے مبینہ مقابلے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران کرنل (ر) خالد بانڈے کو قتل کرنے والے دو ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق پولیس نے پہلے سے گرفتار دونوں ملزموں کو یہاں لاکر ہلاک کرنے کے بعد مقابلے کا رنگ دیا۔ تفصیلات کے مطابق 20 ستمبر 2013 کو ڈاکوؤں نے جنوبی چھائونی کے علاقے میں کرنل (ر) خالد بانڈے کے گھر واردات کے دوران انہیں مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ڈاکو اپنا موبائل اور ایک پستول موقع پر چھوڑ گئے۔ جس کے ذریعے جنوبی چھائونی کے سب انسپکٹر محبوب حسین نے انہیں ٹریس کرکے دو ملزموں حمید عرف بھولا او احمد نواز کوگرفتار کرلیا۔ چند روز قبل 25 اپریل 2014 کو سب انسپکٹر محبوب حسین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا کہ دونوں ملزم  حمید عرف بھولا او احمد نواز اس کی حراست سے فرار ہوگئے جبکہ گزشتہ روز سی آئی اے کینٹ پولیس نے سردار کالونی میں مبینہ مقابلے میں ان مفرور ڈاکوؤں حمید عرف بھولا او احمد نواز کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق دونو ں ملزموں نے دوران تفتیش سی آئی اے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ ان کے تین ساتھی کرنل (ر) خالد بانڈے کے گھر واردات میں شامل تھے۔ ان میں سرفراز عرف صفری جو سرگودھا کا مفرور ہے ایک ملزم اڈیالہ جیل میں بند ہے اور ایک ملزم حافظ آباد کا مفرور ہے۔ پولیس مقابلے میں مارا جانے والے حمید عرف بھولا کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ جھنگ کا رہائشی اور اس کا تعلق کراچی کے ایک بڑے گروپ سے تھا اور وہ کراچی میں بھی قتل وغارت کرتا رہا جبکہ احمد نواز سرگودھا چک 90کا رہنے والا تھا اور 10 سال اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ چکا تھا۔ ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے مقابلہ اصلی تھا، پولیس اہلکار معجزانہ طور پر بچ گئے جبکہ ملزموں کے قبضہ سے پستول اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہو۔