پاک فوج کے حق میں لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے جاری

لاہور + مظفر آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) لاہور سمیت کئی شہروں میں گذشتہ روز پاک فوج کے حق میں مظاہرے جاری رہے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ پاکستان سُنی تحریک کے زیراہتمام پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی کردارکشی کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے بینرزاورکتبے اُٹھارکھے تھے جن پرافواج ِ پاکستان اور حساس اداروں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ آزادی ٔ اظہارکی آڑمیں دفاعی اداروں کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت فوج کیخلاف بے بنیاد پراپیگنڈے کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کرے۔ اس موقع پر لاہور سٹی کے صدر سردار محمد طاہر ڈوگر، شیخ محمد نواز قادری و دیگر نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جہاد میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محکمہ پی ٹی سی ایل کے سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین نے پاک فوج اور آئی سی ایس آئی کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کے حق میں نعرے درج تھے۔ یہ ریلی پی ٹی سی ایل سنٹرل ایکسچینج سے شروع ہوئی اور جنرل بس اسٹینڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی۔ فیصل آباد میں استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ ریلی کی قیادت جماعت الدعوۃ کے ضلع امیر فیاض احمد نے کی جو مرکز خیبر نشاط آباد سے ضلع کونسل چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ادھر کوئٹہ میں بلوچستان کے قبائل کے زیراہتمام کچلاک سے ریلی نکالی گئی اور کوئٹہ میں عالمو چوک پر ائر پورٹ روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کیا گیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی۔ کئی گھنٹے روڈ بلاک رکھا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ ڈیرہ غازی خان میں پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی۔