میو ہسپتال سے 9 ماہ کے بچے کے اغوا کی کہانی غلط نکلی

میو ہسپتال سے 9 ماہ کے بچے کے اغوا کی کہانی غلط نکلی

لاہور ( نیوز رپورٹر) میو ہسپتال میں 9 ماہ کے بچے کے اغوا کی کہانی غلط نکلی ۔ میو ہسپتال میں 9 ماہ کا ننھا بچہ علی حسین کبھی داخل ہی نہیں ہوا ۔ شرقپور شریف کی کوثر بی بی کا 9 ماہ کا بچہ میو ہسپتال کی حدود میں آیا اور نہ ہی علاج کیلئے اس کا کہیں اندراج ہوا ۔ پولیس کے مطابق مدعی کی طرف سے جو ایف آئی آر درج کروائی گئی اس کے مزید حقائق جاننے کیلئے کوثر بی بی سے رابطہ کیا مگر متاثرہ خاتون نے اپنا بیان دوبارہ ریکارڈ نہیں کروایا ۔ دوسری طرف میو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر امجد شہزاد نے ’’ نوائے وقت ‘‘ کو بتایا کہ 9 ماہ کا بچہ علی کبھی میو ہسپتال میں داخل نہیں ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ میو ہسپتال کی تاریخ میں آج تک صرف ایک بچہ اغوا ہوا تھا اس کو بھی فوراً بازیاب کروا لیا گیا تھا ۔ اس حوالے سے میو ہسپتال کا ریکارڈ بڑا کلیئر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں اس قسم کی صورت حال سے بچنے کیلئے تمام وارڈز میں کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں ۔