اوورسیز پاکستانی کمشن کے قیام کے اعلان پر شہبازشریف مبارکباد کے مستحق ہیں: گورنر سرور، وزیراعلیٰ نے دل جیت لئے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کا خراج تحسین

لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پہلے اووسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے جس پر وزیراعظم محمدنواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے قیام کا اعلان کر کے بیرون ملک مقیم اہل وطن کی شکایات کے ازالے کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے۔ کنونشن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نمائندوں نے مسلم لیگ(ن) کی مرکزی اور پنجاب حکومت کے اقدامات کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ امریکن کشمیر فورم کے صدر اور ممتاز پاکستانی شاہین بٹ نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت کے شکرگزار ہیں کہ جس نے پہلی بار سمند رپار پاکستانی شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے اور ان کو کنونشن میں مدعو کیا۔ شہباز شریف نے امریکہ قیام کے دوران بیرون ملک ہم وطنوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کا جو وعدہ کیا تھا وہ آج انہوں نے پورا کردیا ہے۔ خلیجی ممالک کے نمائندے چودھری محمد شفیع نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے آج بیرون ملک اہل وطن کو یہاںاکٹھا کرکے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن قائم کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ برطانیہ سے آئے بیرسٹر امجد نے حکومت پنجاب کو ون ونڈو آپریشن کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے بھرپور تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ چودھری محمد سرور کو گورنر پنجاب بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو انتہائی احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔