لاہور: منہدم ہونےوالی عمارتوں کے ملبے سے مزید 4دستی بم برآمد
لاہور (نوائے وقت نیوز) لاہور کے علاقے اندرون موچی گیٹ میں گزشتہ روز دھماکے کے ساتھ گرنے والی4عمارتوں کے ملبے سے مزید4دستی بم اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ دستی بم اورگولیاں ملنے کے بعد گرنے والے مکانوں کے مکینوں سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اندرون موچی گیٹ میں بدھ کی صبح ایک 2 منزلہ عمارت دھماکے کے ساتھ گرگئی تھی، جس کی دھماکے کے باعث ملحقہ 3 مکانوں کی بالائی منزلیں بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔ اب تک وہاں سے ملنے والے دستی بموں کی تعداد 12ہو چکی ہے، جب کہ ملبے میں سے گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں، تحقیقاتی ادارے ملبے سے آتش گیر مادہ تلاش کر رہے ہیں۔