ڈینگی کے مریض نوجوان کی ہلاکت ڈاکٹروں کی غفلت سے ہوئی، انکوائری رپورٹ

لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی سے ہونے والی اویس کی ہلاکت ڈاکٹروں کی غفلت کی وجہ سے ہوئی تھی۔ ابتدائی انکوائری رپورٹ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف سیکرٹری پنجاب کو متعلقہ ذمہ داروں کو سزائیں دینے کے لئے ان کی سربراہی میں کمیٹی بنادی۔ اس ماہ کے شروع میں 30 سالہ اویس نامی شخص ڈینگی میں مبتلا ہوکر پہلے گنگارام اور اسکے بعد سروسز ہسپتال میں داخل رہا۔ اس بارے میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر فیصل مسعود نے اپنی رپورٹ دی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ مریض کو ڈاکٹروں نے نہ تو ٹھیک طریقے سے چیک کیا نہ ہی ڈاکٹروں نے اس کودرست ٹریٹمنٹ دی جس کی وجہ سے اس کی جسمانی صحت خراب ہوگئی۔ اس میں دونوں ہسپتال کے عملے کا قصور بتایا گیا ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں ہسپتالوں میں بہتر کلینیکل سہولیات نہ دینے پر چیف سیکرٹری کو تفتیش کرکے ان ڈاکٹروں اور عملے کی سزا کا تعین کرنے کی ہدایت دی ہیں۔