محکمہ جنگلات نے نجی زرعی زمینوں کے مالکان سے شجرکاری کیلئے درخواستیں مانگ لیں

لاہور (سپورٹس رپورٹر) محکمہ جنگلات پنجاب نے صوبے میں شجرکاری مہم کے سلسلہ میں کسانوں سے نجی زرعی زمینوں پر شجرکاری کیلئے درخواستیں مانگ لی ہیں۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں محکمہ جنگلات کے مالی وتکنیکی تعاون کے معاہدہ کے تحت یہ شجرکاری ہو گی جس کے 50 فیصد اخراجات محکمہ جنگلات خود برداشت کرے گا۔ زرعی زمینوں پر شجرکاری کیلئے محکمہ جنگلات کی جانب سے شرط عائد کی گئی  ہے کہ شجرکاری کیلئے زیادہ سے زیادہ 10 ایکڑ رقبہ مختص کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں 20 نومبر تک موصول ہونے والی درخواستوں کو پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر زیرغور لایا جائے گا۔ ناظم اعلیٰ جنگلات پنجاب شبیر احمد رانا کا کہنا تھا کہ مون سون شجرکاری مہم دسمبر میں اختتام پذیر ہو جائے گی۔ اس سلسلہ میں سرکاری زمینوں کے بعد اب زرعی زمینوں پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔  رواں مون سون شجرکاری مہم میں 9 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔