سول لائنز ڈویژن: 100 پولیس اہلکاروں سمیت 2245 اشتہاری آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں
لاہور (احسان شوکت سے) لاہور پولیس کے سول لائنزڈویژن میں75 خواتین اورایک سو سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت 2 ہزار 2 سو 45 عدالتی اشتہاری آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں جبکہ پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے جس سے جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دعوے کرنے والے پولیس افسروں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لائنز ڈویژن میں تھانہ ریس کورس کو 155 عدالتی اشتہاریوں، تھانہ سول لائن کو 351 ، تھانہ قلعہ گجر سنگھ کو 211 ، تھانہ گڑھی شاہو کو 122، تھانہ پرانی انار کلی کو 456، تھانہ لٹن روڈ کو 176، تھانہ مزنگ کو 163، تھانہ مغلپورہ کو 154، تھانہ شالیمار کو 213، تھانہ گجر پورہ کو 194 جبکہ وویمن پولیس سٹیشن ریس کورس کو 36 خواتین عدالتی اشتہاری ملزموں کی تلاش ہے۔ ان اشتہاریوں میں مختلف سیشنز اور سول عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دیئے گئے لاہور پولیس کے 32 انسپکٹروں سمیت ایک سو سے زائد سب انسپکٹرز اور کانسٹیبل شامل ہیں۔ انہیں عدالتوں کی طرف سے زیر التواء مقدمات میں طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر سی سی پی او لاہور کو انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا مگر ان میں سے بیشتر اہلکار مختلف تھانوں میں تعینات ہیں۔ اس صورتحال سے پولیس افسران کے جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے۔