عالمی اسلامی تحریکوں نے حمایت کرکے کشمیریوں کے حوصلوں کو تقویت دی: سید علی گیلانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک حریت کشمیر کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں نے جموں کشمیر کے عوام کے مسلمہ حق کی حمایت کرکے ہمارے حوصلوں کو تقویت دی ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے نام لکھے خط میں بزرگ کشمیری رہنما نے عالمی اسلامی تحریکوں کے قائدین کی طرف سے کشمیر پر ان کے مبنی برحق موقف کی تائید و حمایت کرنے پر سراج الحق و دیگر عالمی رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے خط میں علی گیلانی نے کہا کہ مصر سے بنگلہ دیش تک مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے خاص طور پر تحریکی قائدین کی شہادتیں اسلامی تحریکوں کیلئے ایک بڑی آزمائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارت فوجی قوت اور سیاسی فراڈ کے علاوہ تہذیبی یلغار اور غیر ریاستی باشندوں کی آباد کاری کے ذریعے ریاست کے مسلم اکثریتی تشخص کو تحلیل کرنے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل پاور ایکٹ جیسے ظالمانہ قوانین سے لیس ساڑھے سات لاکھ بھارتی قابض فوج کی موجودگی میں قائدین حریت کو جیلوں اور گھروں میں بند کرکے انتخابات کا مرحلہ وار ڈرامہ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا اور ریاست کو بھارت کا اٹوٹ انگ ثابت کرنا چاہتا ہے۔ یہ نام نہاد انتخابات ایسے حالات میں کرائے جارہے ہیں جب تباہ کن سیلاب نے لاکھوں گھروں کو تباہ کردیا ہے۔ سینکڑوں لوگوں کو پانی بہا کر لے گیا ہے لیکن بھارت نے کشمیری عوام کو ریسکیو کیا نہ ریلیف دیا اور نہ ہی ان کی بحالی کے لئے کوئی اقدامات کررہا ہے بلکہ رفاہی اداروں اور فلاحی تنظیموں کو اور دیگر ممالک کو بھی کشمیری عوام کے ریلیف کی اجازت نہیں دی۔