کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہو سکتا: چودھری عبدالمجید
لاہور(خبر نگار)آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چودھری عبدالمجید نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہو سکتا ہے ۔ اپنی وزارت عظمی کے دوران تین میڈیکل کالج اور پانچ یونیورسٹیاں قائم کیں ہم نے 1350میگاواٹ بجلی وفاق کو دی جبکہ ہماری ضرورت تو صرف 350میگاواٹ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یوم تاسیس کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے کشمیری رہنما دیوان غلام محی الدین کی رہائشگاہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمیاں منظور احمد وٹو ،ثمینہ خالد گھرکی، قاسم ضیائ،چوہدری منظور، فائزہ ملک،عزیز الرحمن چن،تنویر اشرف کائرہ،نوید چودھری،مشتاق اعوان،خرم وٹو،ڈاکٹر ضیا اللہ بنگش،افنان بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ چودھری عبدالمجیدنے کہا کہ وہ سیاسی دلال نہیں ہیںانکے دروازے عوام کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ۔سترہ ہزار لوگوں کو نوکریاں دی ہیں اور سات ہزار لوگوں کو مزید نوکریاں دیں گے۔اگر رشوت کھائی ہو تو اپنی ماں بہن کا گوشت کھایا ہو ۔ وزارت عظمی گڑھی خدابخش کی امانت ہے ۔انہو ں نے کہا کہ صرف دو دن کے نوٹس پر آزاد کشمیر میں جلسہ کرسکتے ہیں اگر ایک لاکھ لوگ نہ آئیں تو انہیں پکڑ لیں جب ہم دھرنا دیں گے تو آخری چھکا بھی ہم ماریں گے۔