دہشت گردی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے افغانستان سے بھارت کو نکالا جائے: حافظ سعید

دہشت گردی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے افغانستان سے بھارت کو نکالا جائے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت تخریب کاری اور دہشت گردی کے ذریعے سقوط ڈھاکہ کی طرح پاکستان کو پھر سے نقصانات سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ ملک میں جاری دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایجنسی را ملوث ہے۔ افغانستان کو بیس بنا کر پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ بھارتی دہشت گردی کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھائے۔ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ملک گیر تحریک جاری رکھیں گے۔ وہ بہاولنگر کے مقامی شادی ہال میں کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہر اور اس کے گردونواح سے مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو کام ہندوستان اپنے ملک میں نہیں کرسکا وہ اس نے افغانستان میں کیا۔ اتحادی ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امریکہ اور نیٹو کو شکست دینے والا پاکستان ہے۔ اس لئے اب وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان سے اس شکست کا بدلہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کا حل یہ ہے کہ سب سے پہلے افغانستان سے بھارت کو نکالا جائے۔ کنٹرول لائن پر روزانہ فائرنگ اور بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کی مدد کرنا، یہ سب ہندوستان کے کام ہیں۔ سربجیت سنگھ کی طرح را کے اور بھی ایجنٹ موجود ہیں جنہیں گرفتارکرنے اور جیلوں میں موجود را کے دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے۔