بھارت کے ساتھ اصل ایشوز کشمیر اور پانی پر مذاکرات ہونے چاہئیں: شجاعت

لاہور (ثناءنیوز) چودھری شجاعت حسین نے خطے میں امن کیلئے پاکستان اور بھارت میں اچھے تعلقات اور مذاکرات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیلئے اصل متنازعہ ایشوز بالخصوص کشمیر اور پانی پر بات چیت ہونی چاہئے تاکہ ان کے حل کی جانب پیشرفت کے ساتھ دیگر مسائل کا ازالہ بھی ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی دانشور ڈاکٹر وی پی ویدک سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ویدک نے بتایا کہ ہندوستان کی سیاسی قیادت پاکستان سے اچھے تعلقات کی خواہاں ہے، ہم بھی سمجھتے ہیں کہ کشمیر اور پانی سمیت تمام ایشوز پر بات چیت ہونی چاہئے تاکہ معاملات آگے چل سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج کل بھارتی حکومت بھی مشکلات سے دوچار ہے لیکن پھر بھی وہ پاکستان سے بات چیت کا عمل آگے بڑھانے کو تیار ہے۔ چودھری شجاعت نے کہاکہ میں ہمیشہ مذاکرات کے حق میں رہا ہوں لیکن یہ بامقصد ہونے چاہئیں۔
شجاعت