باپ اصل وارث، ماں نگران بچے بالغ ہونے پر حوالے کرنے کی پابند ہے: سپریم کورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار اور مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بچوں سے ملاقات کیلئے دائر درخواست کی سماعت کے دوران قرار دیا ہے کہ بچوں کا اصل وارث باپ ہے ماں تو نگران ہوتی ہے۔ بچے بالغ ہونے پر باپ کے حوالے کرنے کی پابند ہے۔ عدالت نے گزشتہ روز اوکاڑہ کے رہائشی کرنل ریٹائرڈ رانا اشرف کی طرف سے بچوں سے ملاقات نہ کرانے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اس کے موکل کے بیوی کو طلاق دینے کے بعد بیٹی عنبرین اور بیٹے علی شاہ زیب کو عدالت نے ماں کے حوالے کرنے بچوں کی والد سے باقاعدگی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا، اس کے باوجود درخواست گزار کی سابق بیوی تنویر کوثر بچوں سے ملاقات نہیں کراتی۔ بچوں کی ماں نے عدالت کو بتایا کہ سابق خاوند بچوں کے ذریعے دباؤ ڈالتا ہے کہ ادا کی گئی رقم واپس کرو۔ خاتون کے مطابق اس نے بچوں سے ملاقات کرانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بچوں کو کیوں عدالتوں کے چکر لگوائے جا رہے ہیں، آپ ان کے ذہن مسخ نہ کریں۔ پسند کی شادی کے وقت میاں بیوی مثالی جوڑا بن کر عدالت میں آتے ہیں نبھ نہ سکے تو ایک دوسرے کی شکل دیکھنا گوارہ نہیں کرتے۔ فاضل عدالت نے مزید قرار دیا کہ گارڈین عدالتوں کا ماحول ٹھیک نہیں اور گارڈین کورٹس کے حوالے سے میں بطور جج ہائیکورٹ تفصیلی فیصلہ دے چکا ہوں۔ فاضل عدالت نے عدالت میں موجود بچوں کے نانا کو یہ ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بچوں کی ملاقات کے حوالے سے کوتاہی نہ برتی جائے، درخواست نمٹا دی۔