ہائیکورٹ بار کے انتخابات آج ہونگے، مسعود چشتی، شاہد مقبول میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات آج 28 فروری کو ہونگے۔ انتخابات میں فرینڈز الائنس کے امیدوار پیر مسعود چشتی اور پروفیشنل گروپ کے امیدوار شیخ شاہد مقبول کے درمیان صدارت کی نشست پر کانٹے دار مقابلے کا امکان ہے۔ نائب صدر کےلئے ایم عرفان عارف شیخ اور خاتون وکیل صوفیہ مسعود کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ سیکرٹری کےلئے میاں اصغر علی اور محمد احمد قیوم مدمقابل ہیں۔ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر آمنہ اجمل، نبیلہ منظور جعفری، اختر حسین شاہ شیرازی اور محمد عظیم اکرم کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ علاوہ ازیں چیئرمین الیکشن بورڈ شہزاد شوکت سمیت دیگر ارکان نے یہ اعلان کیا ہے کہ آج وقفہ کے دوران ہی امیدواروں کی جانب سے ایک ہی کھانا دیا جائے گا الیکشن بورڈ کی جانب سے ان احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے امیدوار کو نااہل قرار بھی دیا جا سکتا ہے اور جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ بار کے اس مرتبہ انتخابات مکمل طور پر بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہونا تھے لیکن چند امیدواروں کی جانب سے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اس لئے اب یہ الیکشن جس میں بار کے کُل ووٹوں میں سے 10ہزار ووٹر وکلاءکی رجسٹریشن کر دی گئی اور وہ اسی سسٹم کے تحت ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ بائیو میٹرک سسٹم میں رجسٹرڈ نہ ہونے والے ووٹر وکلا کے لئے الگ سے چار پولنگ بوتھ بنا دیئے گئے۔ مزید برآں لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان اور دیگر عہدیداروں سے ایس پی سول لائنز نے گزشتہ روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔