کچھ لوگ بریف کیس لئے گھوم رہے ہیں، الیکشن کمشن سینٹ کے شفاف انتخابات یقینی بنائے: سراج الحق

کچھ لوگ بریف کیس لئے گھوم رہے ہیں، الیکشن کمشن سینٹ کے شفاف انتخابات یقینی بنائے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے وہ لکیر کا فقیر بننے کی بجائے طریقہ کار واضح کرے۔ بعض لوگ ارکان اسمبلی کو خریدنے کیلئے پیسوں کے بریف کیس لئے پھرتے ہیں۔ سینٹ الیکشن ارکان اسمبلی وفاق اور اور الیکش کمشن کا امتحان ہے، ماضی میں جن لوگوں کو انتخابات کے حوالے سے شکوک وشبہات تھے وہ بھی اپنے جیبوں اور بریف کیسوں میں رقوم لیکر امیدواروں کے گھروں کا طواف کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مسجد مہابت خان میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے، اُمید ہے کہ سیاسی جماعتیں بھی ایسے افراد کا راستہ روکنے کی کوشش کریں گی جن کا مقصد سیاست نہیں تجارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ رائے شماری میں ووٹ بیچے اور خریدے جاتے ہیں۔ ہارس ٹریڈنگ کی روک تھا م کیلئے موثر اقدامات ہونے چاہئیں، سیاسی جماعتیں طے کریں کہ وہ آئندہ کسی بھی انتخاب میں کسی ایسے شخص کو اپنا امید وار نامزد نہیں کریں گی جو آئین کی دفعہ 62-63 پر پورا نہ اترتا ہو ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تمام جمہوریت پسند جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ ایک کمزور جمہوریت کو دھبہ لگانے کے خلاف دیوار بن جائیں اگر ایک کمزور جمہوریت کو دھبہ لگ گیا تو پھر ہم کبھی نہیں سنبھل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی طریقہ کارکی تبدیلی کیلئے کوئی مئوثر طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ اگر کوئی ضمیر فروخت کرنا چاہے تو اسکا راستہ روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمشن جو بھی تجویز دے گا کوئی سیاسی جماعت اس کی مخالفت نہیں کریگی۔