پی ٹی آئی کا مشن اقتدار پر قبضہ نہیں، عوام کو انصاف دلانا ہے: چودھری سرور

پی ٹی آئی کا مشن اقتدار پر قبضہ نہیں، عوام کو انصاف دلانا ہے: چودھری سرور

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چودھری سرور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا مشن اقتدار پر قبضہ نہیں ہے بلکہ ہم عمران خان کی قیادت میں ایسا نظام لائیں گے جس میں سب کو انصاف ملے اور ملک کے وسائل سے محروم 95فیصد طبقے کو ان کا حق ملے۔ وہ گزشتہ روز تحریک انصاف لاہور کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالئے سے خطاب کررہے تھے۔ انکے علاوہ صدر ضلع لاہور عبدالعلیم خان نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ نظامت کے فرائض سینئر نائب صدر لاہور شعیب صدیقی نے ادا کئے۔ شرکاء میں تحریک انصاف کے ضلعی عہدیداران، ٹائون عہدیداران، یونین کونسل، عہدیداران، چیئرمین وائس چیئرمین یو سی، خواتین ونگ، لائرز ونگ، یوتھ ونگ، تاجر ونگ، عمران خان ٹائیگر فورس، عمران خان ٹائیگرز کے عہدیداران و کارکنوں نے شرکت کی جن میں میاں اسلم اقبال ایم پی اے، حامد معراج، جمشید اقبال، فرخ جاوید، عامر شیخ، جاوید علی، ڈاکٹر زرقا، ثانیہ کامران اور چودھری اصغر نمایاں تھے۔ کارکنوں نے ’’مک گیا تیرا شو گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگائے اور ترانوں پر رقص جاری رہا۔ چودھری سرور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مردانگی دکھائے اور لوکل گورنمنٹ الیکشن کروائے۔ تحریک انصاف نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب بھر میں بلدیاتی الیکشن جیتے گی۔ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، تحریک انصاف کرپشن کے خلاف جہاد کریگی اسکا خاتمہ کیا جائیگا، سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے 2000بلین ڈالرز بیرون میں صرف یو اے ای میں 25بلین ڈالر سے زیادہ پیسے موجود ہیں ہمیں اس پیسے کو پاکستان واپس لانا ہے۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری سرور جیسے زیرک سیاستدان کی ہماری صفوں میں شمولیت پاکستان کی سیاست کیلئے نیک فال ہے۔