وزیراعظم کے حلقے میںمیکلوڈ روڈ کی تعمیر ومرمت کا کام شروع نہ ہو سکا

لاہور (خبرنگار) وزیراعظم کے حلقے میں شہر کی اہم مرکزی سڑک میکلوڈ روڈ کی تعمیر و مرمت کا کام ٹریفک پولیس لاہور کی وجہ سے شروع نہیں ہوسکا۔ ضلعی حکومت نے 6 کروڑ روپے کی لاگت سے میکلوڈ روڈ پر سڑک کی تعمیر شروع کرنے کیلئے سڑک کے درمیان بنے ڈیوائیڈر کے پتھر اکھاڑ دیئے مگر شاہراہ قائداعظم سے لکشمی چوک تک سڑک کو اکھاڑ کر دوبارہ تعمیر کرنے کا کام ٹریفک پولیس کی طرف سے ٹریفک پلان نہ دینے کی وجہ سے شروع نہ ہوسکا۔ ٹریفک پولیس پر واضح کردیا گیا ہے کہ یوٹرن سے یوٹرن تک سڑک کی تعمیر کا کام سڑک کے دونوں طرف باری باری کیا جائیگا لہٰذا ٹریفک پولیس اس تعمیر کیلئے شاہراہ قائداعظم پر ٹریفک کا اضافی بوجھ ڈالنے کیلئے پلان دے مگر ٹریفک پولیس بضد ہے کہ سڑک کی تعمیر رات کے اوقات میں کی جائے۔