ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے تعلیم کی طرف توجہ دینا ہو گی: ڈاکٹر رفیق احمد

ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے تعلیم کی طرف توجہ دینا ہو گی: ڈاکٹر رفیق احمد

لاہور (خصوصی رپورٹر)پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میںا ٓیا۔ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے تعلیم کی طرف توجہ دینا ہو گی کیونکہ تعلیم ہی مستقل بنیادوں پر افراد کے ذہنوں میں تبدیلی لاتی ہے۔ ہمیں پاکستان کی شخصیت کے بارے میں نئی نسل کوزیادہ سے زیادہ آگاہ کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہارنظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمدنے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں اساتذۂ کرام کیلئے منعقدہ ایک روزہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سید عابد حسین شاہ نے انجام دیے۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ اگرچہ آج ہمیں متعددمسائل کا سامنا ہے مگر جب بھی کوئی بحرانی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو پاکستانی قوم متحد ہو جاتی ہے۔ ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں‘ اگر ان پر توجہ دی جائے تو وہ بہت آگے نکل سکتے ہیں۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ بچوں کی نظریاتی تربیت اور ان میں پاکستانیت اجاگر کرنے کیلئے بے شمار سرگرمیوں کا انعقاد کرتارہتا ہے۔ قدرت نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل اور ذہین افرادی قو ت سے نوازا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سے صحیح معنوں میں استفادہ کیا جائے۔