بجلی کی پیداوار میں کمی‘ شارٹ فال بڑھ گیا‘ شہر13‘ دیہات میں16 گھنٹے لوڈشیڈنگ

لاہور (کامرس رپورٹر )بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال بڑھنے سے 13 سے 16گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ پی ایس او کی جانب سے فرنس آئل اور ڈیزل کی سپلائی میں کمی کے باعث پیداوار میں کمی ہوئی ہے ۔ پی ایس او نے حکومت کی جانب سے عدم ادائیگی کے باعث تیل کی سپلائی میں کمی کی ہے ۔ پی ایس او کی جانب سے حکومت کو اس حوالے سے انتباہ کر دیا گیا ۔ شارٹ فال میں اضافہ کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں ایک سے دو گھنٹے تک کا اضافہ ہو گیا ۔ شارٹ فال میں اضافہ کے باعث مرمت کے نام پر بجلی کی بندش بھی بڑھا دی گئی ۔ تمام سب ڈویژنوں میں دو دو فیڈرز بند رکھے گئے ۔ گزشتہ روز بھی دن کو مسلسل اور رات کے وقت کم لوڈ شیڈنگ کی حکمت عملی اپنائی گئی ۔ گزشتہ روز شہروں میں بارہ سے تیرہ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں سولہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 13630 میگا واٹ جبکہ پیداوار 9210 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 4420 میگا واٹ کا فرق رہا ۔