این اے 122:ووٹوں کی تصدیق کیلئے عمران کی درخواست پر فیصلہ 4مارچ کو سنایا جائےگا

این اے 122:ووٹوں کی تصدیق کیلئے عمران کی درخواست پر فیصلہ 4مارچ کو سنایا جائےگا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) الیکشن ٹربیونل نے این اے 122 کے ووٹوں کے نادرا کے ذریعے تصدیق کرانے کی عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،4 مارچ کو سنایا جائے گا۔ ٹربیونل کے جج کاظم علی نے کیس کی سماعت کی۔ عمران کے وکیل نے کہا کہ لوکل کمشن کی رپورٹ میں انتخابی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں جنہیں کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ایاز صادق کے وکیل نے کہا رپورٹ کے مطابق اس حلقے میں دھاندلی نہیں ہوئی، انتظامی کوتاہیاں ہوئی ہیں جو دھاندلی کے زمرے میں نہیں آتیں۔ عمران خان کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ 125 کے حوالے سے دائر کیس کی سماعت میں نادرا کی طرف سے مزید دو پولنگ سٹیشنز 110 اور 111 کے ووٹوں کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی۔ 1320 ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ نادرا نے رپورٹ ٹربیونل میں جمع کرادی۔ تحریک انصاف کے حامد خان نے خواجہ سعید رفیق کی این اے 125 سے کامیابی کو چیلنج کررکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیلٹ پیپرز پر ووٹرز کے بجائے کسی اور کے انگوٹھوں کے نشانات موجود ہیں۔