گورنر راج کا نفاذ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے روبرو ایک آئینی درخواست کے ذریعے گورنر راج کے نفاذ کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ معروف قانون دان طارق عزیز کی جانب سے دائر درخواست میں گورنر راج کے نفاذ کو غیرقانونی قرار دے کر ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ وفاقی حکومت، پنجاب حکومت، سپیکر پنجاب اسمبلی اور میاں شہباز شریف کو فریق بناتے ہوئے درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ گورنر راج کیلئے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں گورنر راج کے نفاذ کی کسی بھی وجہ کا ذکر نہیں کیا گیا۔ یہ حکم آئین کے منافی ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ گورنر راج کے نفاذ کو غیرقانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دے کر گورنر کو بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیوں سے روکا جائے اور انھیں صوبائی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کی ہدایت کی جائے۔