پنجاب میں بہت جلد پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی: سلمان تاثیر

لاہور / وہاڑی (خبرنگار خصوصی+ نامہ نگار) گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ پنجاب میں بہت جلد پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی‘ جلسے جلوسوں کی آڑ میں افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے‘ میاں برادران کی نااہلی عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ہے۔ پیپلزپارٹی کا نہیں۔ وہ گذشتہ روز 8کلب روڈ پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت اور گورنر ہائوس میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین وہاڑی کی صدر شگفتہ چودھری سے بات چیت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ضلعی ناظم میاں عامر محمود‘ چیف سیکرٹری نجیب اللہ ملک‘ کمشنر لاہور خسرو پرویز‘ ڈی سی او سجاد احمد بھٹہ‘ سیکرٹری بلدیاتی طاہرحسین‘ سپیشل سیکرٹری محکمہ مواصلات وسیم مختار‘ ڈی جی ایل ڈی اے شاہد محمود‘ ڈی جی پی آر فرخ محمود شاہ سمیت درجنوں اعلیٰ افسران موجود تھے۔ گورنر نے تقریاتی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی منصوبے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرلیں۔ گورنر کو لاہور رنگ روڈ پراجیکٹ‘ ورلڈ سٹی پراجیکٹ سمیت متعدد منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔