یوم عاشور پر پرامن ماحول برقرار رہنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں: وزیراعلیٰ

  یوم عاشور پر پرامن ماحول برقرار رہنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں: وزیراعلیٰ

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی صوبہ بھر میں یوم عاشور پرامن رہا ہے اور کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجالاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول برقرار رہنے کے حوالے سے کابینہ کمیٹی، منتخب نمائندوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، علمائے کرام، ذاکرین ، عوام کا تعاون اور متعلقہ محکموں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہو کر ہی دہشت گردی کا خاتمہ اورملک کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے۔