گھریلو صارفین کی گیس بند کرنا غریب عوام سے زیادتی ہے:آسیہ اسحاق

 لاہور (لیڈی رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے کہا زندگی کا پہیہ جام کرنے والے حکمرانوں نے اب غریب عوام کا چولہا بھی بجھا دیا ہے۔ سی این جی سٹیشنوں میں گیس لوڈشیڈنگ کے باوجود گھریلو صارفین کی گیس بند کرنا غریب عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ ٹرانسپورٹر اور صنعتکار پہلے ہی ”اوگرا فارمولے“ کو مسترد کر چکے ہیں۔ آسیہ اسحاق نے کہا کہ نااہل حکمران اپنے گناہوں کی سزا عوام کو دے رہے ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے جمہوری حق کے ذریعے ان نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کریں۔