کینسر سے چھٹکارا کیلئے انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے: پروفیسر خالد مسعود گوندل

کینسر سے چھٹکارا کیلئے انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے: پروفیسر خالد مسعود گوندل

لاہور(نیوزرپورٹر) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان ریجنل سنٹر لاہور میں چھاتی کے کینسر اور اسکے علاج پر خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر یونیورسٹی آف فلوریڈا کی پروفیسر فوزیہ رانا نے چھاتی کے کینسر اور علاج پر خصوصی لیکچر دیا، ان کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص سے مختلف اقسام کے چھاتی کے کینسر کا علاج ممکن ہے ۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ چالیس برس سے زائد عمر کی خواتین باقاعدگی سے ڈاکٹر کو اپنا چیک اپ کروائیں تاکہ اندورنی حالات کے بارے میں آگاہی میسر ہو سکے۔اس موقع پر صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفر اللہ چوہدری،ڈی جی آئی آرپروفیسر خالد مسعود گوندل،پروفیسر رخشندہ طیب،پروفیسرٹی اے شاہ،پروفیسر احسان اللہ، پروفیسر محمد اقبال،پروفیسر عامرزماں خاں، پروفیسر حماد نعیم رانا،پروفیسر ثمینہ کھوکھر سمیت زیر تربیت پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی آر و ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ پاکستان میں کینسر جیسے موزی مرض سے چھٹکارے کے لیے انقلابی اقدامات کرنے ہونگے۔تحصیل اور ضلع کی سطح پر آگاہی مہم ضروری ہے۔بروقت تشخیص پر اس مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے ۔اس سلسلہ میں سی پی ایس پی کے فیلوز اور تربیت یافتہ ڈاکٹرز ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے۔ سول سوسائٹی اور ڈاکٹرز کی مشترکہ کوششوں اور آگاہی مہم سے ہم کینسر جیسے امراض سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ پروفیسر فوزیہ رانا نے سی پی ایس پی کے تمام تر فیلوز کی طب کے میدان میں گراں قدر کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبہ ِ طب میں سی پی ایس پی بین الاقوامی سطح پر بے مثال اقدامات سر انجام دے رہا ہے۔