کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی سنڈیکٹ کا اجلاس، طالبات کیلئے بوائز ہاسٹل خالی کرانیکی منظوری

لاہور (نیوز رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ نے طالبات کو نئے ہاسٹل کی تعمیر تک لڑکوں کا ایک ہاسٹل خالی کرا کر وہاں لڑکیوں کی رہائش کی منظوری دے دی ہے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکٹ کا اجلاس گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خاں کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمشن، ممبران اسمبلی سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات کی منظوری دی گئی ہے کہ جب تک لڑکیوں کا نیا ہاسٹل تعمیر نہیں ہو جاتا اس وقت تک لڑکوں کا ایک ہاسٹل خالی کرواکے وہاں طالبات کو منتقل کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ سنڈیکیٹ اس سے قبل لڑکیوں کے ہاسٹل کی تعمیر کی منظوری دے چکی ہے جس کے تحت لڑکوں کے پرانے ہاسٹل کی بلڈنگ خالی کراکے نیا ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا جہاں 600 کے قریب طالبات آسانی سے رہائش پذیر ہوں گی۔