پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی اور عوامی جماعت ہے:عائشہ گوہر

لاہور (لیڈی رپورٹر) پیپلز پارٹی لاہور کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن عائشہ گوہر نے کہا ہے کہ عوام تخت لاہور کے حکمرانوں کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں، فوجی آمر سے معاہدے کرنے والی ن لیگ پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ہی کامیاب ہوں گے، میاں منظور وٹو کے آنے سے پنجاب میں پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔ علامہ اقبال ٹاﺅن میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گوہر نے کہا پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی اور عوامی جماعت ہے اور چاروں صوبوں کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی عوام نے ہمارے نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب کیا ہے۔