پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور باعزت مقام دلانے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے : وزیراعلی پنجاب

پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور باعزت مقام دلانے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے : وزیراعلی پنجاب

لاہور (لیڈی رپورٹر +خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کیلئے امید کی روشن کرن ہیں۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پنجاب حکومت کا لیپ ٹاپ پروگرام جاری و ساری رہے گا۔ پنجاب حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور معاشرے میں باعزت و باوقار مقام دلانے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں نو تعمیرشدہ پوسٹ گریجویٹ بلاک کے افتتاح کے بعد مختلف سیکشنز کے دورے کے دوران طالبات سے گفتگو اور افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایک لاکھ پچانوے ہزار مربع فٹ کو رڈ ایریا کی عمارت پر کروڑ سے زائد لاگت آئی ہے۔معاون خصوصی زعیم حسین قادری، ایم پی اے عارفہ خالد، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن، سیکرٹری سکولز، وائس چانسلرلاہور کالج فار ویمن یورنیورسٹی ڈاکٹر صبیحہ منصور ، اساتذہ اور طالبات کی بہت بڑی تعداداس موقع پر موجود تھی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے نئے پوسٹ گریجوایٹ بلاک کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کے بعد دعا مانگی اور بعدازاں کیک بھی کاٹا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب حکومت ایک انقلابی پروگرام پر عمل کر رہی ہے۔ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ طالبات توانائی کے بحران کے حوالے سے ریسرچ پر توجہ دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پوسٹ گریجوایٹ بلاک طالبات کی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں اہم پیش رفت ہے اور پنجاب حکومت صوبہ بھر میں دیگر کالجز میں بھی پوسٹ گریجوایٹ بلاک بنائے گی۔