شہباز شریف زیادتی کا نشانہ بننے والی 5 لڑکیوں کے گھر پہنچ گئے‘ ملز م سزا سے نہیں بچ سکیں گے: وزیر اعلیٰ

شہباز شریف زیادتی کا نشانہ بننے والی 5 لڑکیوں کے گھر پہنچ گئے‘ ملز م سزا سے نہیں بچ سکیں گے: وزیر اعلیٰ

لاہور + نارنگ منڈی + فیروزوالا + مریدکے (خصوصی رپورٹر + نامہ نگاران) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف گذشتہ روز مریدکے کے موضع نون میں زیادتی کا نشانہ بننے والی پانچ لڑکیوں کے گھر گئے، وزیر اعلیٰ نے متاثرہ لڑکیوں اور ان کے خاندان کے افراد کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وہ آبدیدہ ہو گئے اور ان کی آواز بھر آئی۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ لڑکیوں کے لئے مالی امداد اور انہیں ٹیوٹا کے ادارے میں فری فنی تعلیم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا اس گھناﺅنے جرم میں ملوث کوئی جتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو، وہ سزا سے نہیں بچ سکے گا اور متاثرہ لڑکیوں کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ لڑکیوں سے بدسلوکی کرنے والے انسان نہیں، درندے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ لڑکیوں کے سروں پر ہاتھ رکھ کر انہیں دلاسہ دیا اور یقین دہانی کرائی تمام ملزم بہت جلد گرفتار کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت کی طرف سے متاثرہ لڑکیوں کے لئے روز گار کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام کو واقعہ میں ملوث تمام ملزموں کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کا حکم دےتے ہوئے کہا مظلوم خاندانوں کو ہر صورت انصاف ملنا چاہئے اور تمام ملزموں کے خلاف چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا لڑکیوں سے بدسلوکی کرنے والے تین افراد کے علاوہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق محنت کش خاندان محمد بوٹا چنگڑ کی بیٹی اور دو بھتیجیوں اور دو بھانجیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے بطور امداد دئیے اور ہا¶سنگ سکیم میں مکانات بھی دینے کا اعلان کیا جبکہ ارکان اسمبلی رانا تنویر حسین اور افضال حسین نے اپنی جیب سے ایک ایک لاکھ روپیہ دیا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا وہ دیگر ملزمان کی گرفتاری اور کیس کا چالان دہشت گردی کی عدالت میں جانے تک کیس کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے کہا کہ آپ کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور اگر آپ کو یہاں کسی قسم کا خطرہ ہوا تو لاہور میں آپ کی رہائش کا بندوبست کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کی موضع نون آمد پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات تھے۔
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسا ئل ان کے قدموں پر نچھاور کریں گے۔ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے فراہم کئے گئے وسائل کے ملک و قوم کے مستقبل پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے نئی نسل کو جدید علوم سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ گذشتہ برس صوبے بھر میں ہونہار اور ذہین طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر سوا لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں۔ رواں سال ان میں ایک لاکھ سے زائد جدید لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ مارننگ کے علاوہ ایوننگ کلاسوں کے طلبا و طالبات کو بھی لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ لیپ ٹاپ سکیم کیلئے چار ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیپ ٹاپ تقسیم کے پروگرام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بریفنگ کے دوران بتایا 10 دسمبر تک تمام لیپ ٹاپ لاہور پہنچ جائیں گے جس کے بعد لیپ ٹاپ کی تقسیم کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا جائے گا۔