امریکہ عرب ممالک میں شورش پیدا کرکے مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے ڈی ایٹ کانفرنس کے موقع پر حکومت پاکستان کو ایران کے صدر کو پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دینی چاہئے تھی مگر ایسا نہ کیا گیا اس لئے اب ایران کے صدر کو پاکستان کا دورہ کرکے پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی مفتی اعظم کے بیان کے بعد یہ بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ کوئی بھی مسلم ملک دوسرے مسلم ممالک میں گڑ بڑ اور حالات کی خرابی میں ملوث نہیں بلکہ تمام خلیجی ممالک میں بدامنی اور ہنگاموں کے ذمہ دار امریکہ اور مغربی ممالک ہیں جو انسانی حقوق جمہوریت، آزادی اظہار اور مختلف حیلوں بہانوں سے عرب ممالک اور اشیا کے مختلف ممالک میں گڑ بڑ پیدا کرکے اپنے مفادات حاصل کرکے مسلمانوں کو کمزور کرتے ہیں۔ امریکہ اور یورپی ممالک کی تمام تر پالیسیاں مذہبی منافرت کی بنیاد پر ترتیب دی جاتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ڈی ایٹ کانفرنس کے دوران ایرانی صدر احمدی نژاد کی یہ تجویزبہترین ہے کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان، ایران اور افغانستان پر مشتمل امن کمیٹی قائم ہونی چاہئے جس سے خطے میں قیام امن میں مدد ملے گی۔