ایوان صدر کی طرف توپوں کا رخ کرنیوالے دوبارہ آمریت چاہتے ہیں: راجہ ریاض

لاہور (سٹاف رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی مقبول ترین سیاسی و جمہوری پارٹی ہے اور اس کا یوم تاسیس ہر سال پاکستان کے غریب عوام کیلئے امید کا پیغام لاتا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والے کو مایوسی کا سامنا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر کی طرف توپوں کا رخ کرنیوالے ملک میں دوبارہ آمریت کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں لیکن جب تک ایک بھی جیالا زندہ ہے۔ انہیں اپنے مقصد میں کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔ مڈٹرم الیکشن کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں بستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے ضمنی انتخابات کی مخالفت کر کے جمہوری سوچ کا مظاہرہ کیا ہے اور باقی تمام جماعتوں کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہئے۔