مون سون ہوائیں ملک میں داخل‘ آج سے بارشیں شروع ہونے کا امکان

لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بتدریج پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں جو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی۔ آج سے بارش شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں تیز بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔کراچی میں سمندری ہوا منقطع ہونے کی وجہ سے شدید حبس ہو گیا‘ تاہم شام یا رات میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ 48 گھنٹوں کے دوران سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں جبکہ پنجاب، خیبر پی کے اور کشمیر میں کہیں کہیں آندھی/ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کا امکان ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں مکران، قلات، سبی، نصیرآباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں اکثر مقامات پر آندھی/ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ جبکہ کوئٹہ، ژوب ڈویژن، زیریں سندھ ، جنوبی پنجاب بھی میں کہیں کہیں آندھی/ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پی کے فاٹا، بالائی سندھ میں چند مقامات پر آندھی/ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارشوں سے سیلاب اور نشیبی علاقے زیرآب آ سکتے ہیں۔ مون سون ہوائیں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی۔ مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز آج 27 جون سے ہو رہا ہے۔ سندھ‘ بلوچستان اور خیبر پی کے میں تیز بارش اور آندھی آنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد‘ فاٹا‘ کشمیر‘ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں آندھی‘ گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔