آرٹ اور کلچر کو پروموٹ کرنے کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں: وزیراعظم

لاہور (اپنے نمائندے سے) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے حکومت ہائر ایجوکیشن کے ساتھ آرٹ اور کلچر کو پروموٹ کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ نیشنل کالج آف آرٹس آرٹ اور کلچر کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اسے اب یونیورسٹی کا درجہ دیدیا گیا ہے اور یہ اس ادارہ کا حق ہے۔ یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹر میں نیشنل کالج آف آرٹس کے 12ویں سالانہ کانوویشن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا اس ادارے کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آرٹ اور کلچر کے حوالے سے اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اس ادارے نے دیگر شعبوں میں بھی آرٹس ایجوکیشن کو پروموٹ کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں جس سے ہمارے ملک کی فلم انڈسٹری میں پروفیشنلزم پروان چڑھے گا اس موقع پر انہوں نے انڈونمنٹ فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا اضافہ کر دیا اور ایک کروڑ روپے پنشنرز کیلئے بڑھا دیا اور کہا سکالرشپ پروگرام میں بھی مستحق اور نمایاں نمبر لینے والوں کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔ قبل ازیں این سی اے کے رجسٹرار نے سالانہ کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز اور ایوارڈ تقسیم کئے۔
وزیراعظم