مسلم میڈیکل مشن نے مقبوضہ کشمیر میڈیکل ٹیم بھجوانے کیلئے ویزا کی درخواست جمع کرا دی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم میڈیکل مشن نے مقبوضہ کشمیر میڈیکل ٹیم بھیجوانے کے لیے بھارتی ہائی کمیشن میں ویزہ کے حصول کے لیے درخواست جمع کرادی ، پاکستانی ڈاکٹروں کی ٹیم بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی کشمیریوں کے علاج کے لیے مقبوضہ کشمیرجانا چاہتی ہے، درخواست میڈیکل مشن کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین قریشی اورچیف کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر ناصر ہمدانی نے جمع کروائی ۔ درخواست میں تیس افراد کے لیے ویزہ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد حسین قریشی نے کہا کہ یہ درخواست کسی سیاسی بنیاد پر نہیں بلکہ خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر دی گئی ہے۔ کشمیریوں نے بھارتی ڈاکٹروں سے علاج کروانے سے انکار کردیا ہے اور پاکستانیوں سے مدد کے لیے اپیل کی ہے۔ ہم ڈاکٹرز کشمیریوں کے علاج کے مقبوضہ کشمیر جارکر اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔