سودخور مافیا شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگا‘ پولیس ’’حصہ‘‘ وصول کر کے خاموش
لاہور (احسان شوکت سے) سودخور مافیا نے اقساط پر الیکٹرنکس سامان، سونا گروی پر قرضہ دینے اور کمیٹیوں کی آڑ میں شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا جبکہ پولیس بھی اس صورتحال میں بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہی ہے اور اپنا حصہ وصول کر کے چپ سادھے ہوئے ہے۔ ’’نوائے وقت‘‘ سروے کے مطابق اچھرہ، گڑھی شاہو، مغلپورہ، باغبانپورہ، تاجپورہ، ٹائون شپ، گرین ٹائون، کوٹ لکھپت، فیکٹری ایریا، نشتر کالونی، اقبال کالونی، ہنجروال، اندرون شہر سمیت دیگر علاقوں میں سود کا کاروبار کرنے والے افراد پولیس کی ملی بھگت سے سرعام سودخوری کا مکروہ کاروبار کر رہے ہیں۔ اچھرہ میں سنار کی دکان کی آڑ میں سونے کے زیورات گروی رکھ کر سود پر رقم دینے غیرقانونی کاروبار زوروشور سے جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سودخور مافیا مقامی پولیس سے مک مکا کر کے اور ان کو حصہ دے کر اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہراساں کر کے زبردستی وگارنٹی چیک وصول کر کے منہ مانگی رقم زبردستی وصول کی جاتی ہے۔ سودخور مافیا لوگوں کو قرض دے کر ان سے بطور امانت لیے گئے طلائی زیورات، چیک ودیگر اشیاء ساری رقم وصول کرنے کے باوجود لوگوں کو واپس نہیں کرتے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ تمام ڈویژنل ایس پیز کو اپنے علاقوں میں سودخوروں کی فہرستیں بنانے اور ان کی گرفتاری کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔