لاہور پریس کلب کے انتخابات میں جرنلسٹس پینل بھاری اکثریت سے کامیاب

لاہور(خصوصی رپورٹر) لاہور پریس کلب کے سالانہ انتخابات 2014ء ایوان اقبال میں ہوئے جس میں جرنلسٹ پینل اور پروگریسو پینل نے حصہ لیا۔ الیکشن میں1472ء ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ حتمی نتائج کے مطابق جرنلسٹ پینل  کے ارشد انصاری 7ویں بار صدر منتخب ہوئے جنہوں نے 812 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل صدر مائد علی628 ووٹ حاصل کر سکے۔ نائب صدر افضال طالب نے 774 ووٹ حاصل کئے ان کے مدمقابل ظہیر احمد بابر نے 632 ووٹ حاصل کئے۔  سیکرٹری کی نشست پر محمد شہباز میاں نے مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی اور 850 ووٹ حاصل کئے۔ ان کے مدمقابل سید شعیب الدین نے526 ووٹ حاصل کئے۔ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست  پر فرزانہ چودھری نے 746 ووٹ لئے اور ان کی مخالف امیدوار صائمہ نواز 682 ووٹ حاصل کر سکیں۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر آصف چودھری نے 723  ووٹ حاصل کئے۔ گورننگ باڈی کی کل آٹھ نشستوں کے نتائج کے مطابق زاہد رفیق بھٹی759، خواجہ نصیر724، قمرالزمان بھٹی723 رضوان خالد646، عمران  شیخ610، امجد عثمانی 529 محبوب احمد 519 اور بلال غوری نے 518 ووٹ حاصل کئے۔ نومنتخب صدر ارشد انصاری نے کہا کہ جرنلسٹ پینل نے پہلے بھی الیکشن جیت کر دعوے نہیں کام کئے اور انشاء اللہ اب بھی ایک سال کے دوران صحافی کالونی کے تمام مسائل حل کروانا ہماری اولین ترجیح میں شامل ہو گا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، مسلم لیگ (ق)  کے صدر سینیٹر چودھری  شجاعت حسین، سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی دریں اثناء صوبائی وزرا رانا ثناء ا للہ، راجہ اشفاق سرور، مجتبیٰ شجاع الرحمن، ملک ندیم کامران، ملک محمد آصف بھا اعوان، سابق وزیر اطلاعات و نشریات طارق عظیم نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔