عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ انسٹیٹیوٹ فار بلائنڈ کے طلبہ کی میٹرک میں سو فیصد کامیابی

لاہور (خصوصی رپورٹ) عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ انسٹیٹیوٹ فار دی بلائنڈ کے تمام طلبہ اور طالبات نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے لاہور بورڈ کے میٹرک کے امتحان میں سو فیصد کامیابی حاصل کرکے بینائی رکھنے والے لوگوں کو حیران کردیا کہ وہ کسی بھی قسم کی محرومی کا شکار نہیں ہیں۔ تمام طلبہ و طالبات نے بریل لینگوئج میں پرچے حل کئے۔ عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ انسٹیٹیوٹ فار دی بلائنڈ ملک کا واحد ادارہ ہے جہاں ذریعہ تعلیم انگریزی ہے اور تمام بچے 2000ءسے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ میٹرک کے امتحان میں فرسٹ ڈویژن حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات میں یاسمین رحمن نے 723 نمبر حاصل کئے۔ حسن خان نے 696، سدرہ فاطمہ نے 691 نمبر، جاوید شہزاد 666 نمبر، سارہ موید نے 654 نمبر حاصل کئے جبکہ خضر صدیقی نے 580 نمبر حاصل کرکے سیکنڈ ڈویژن حاصل کی۔ عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ انسٹیٹیوٹ فار دی بلائنڈ اور بورڈ کے تہہ دل سے مشکور ہیں جو 1999ءسے نابینا طلبہ اور طالبات کے امتحانات کیلئے خصوصی انتظامات کرکے انہیں اپنی حقیقی قابلیت دکھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔