' پھر کہتا ہوں شریف برادران کے ہوتے ملک بحرانوں کا شکار رہے گا: طاہرالقادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے پاکستا ن کو جارحیت کی کھلی دھمکیاں مل رہی ہیں، وزیر اعظم کا لب و لہجہ اور جوش و خروش وہ کیوں نہیں جو موٹر وے کے افتتاح اور سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے وقت ہوتا ہے؟ حکمرانوں کے معاشی جرائم اور قومی سلامتی کے برخلاف اقدامات کے بارے میں جو حقائق قوم کے سامنے رکھے آج کے دن تک کسی کو جواب دینے کی جرات نہیں ہو سکی۔ کرپٹ حکمرانوں کی کوئی اخلاقی رٹ نہیں ہے۔ عنقریب سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس عالمی فورمز پر اٹھائیں گے۔ ملک میں انصاف کا غیرجانبدار نظام ہوتا تو شہداءکے ورثا دو سال سے دربدر نہ ہوتے اور نہ ہی پانامہ لیکس کا معاملہ سرد خانے کی زینت بنتا۔ وہ گذشتہ روز ویڈیولنک پر عوامی تحریک کے سنیئر رہنماﺅں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران کی کرپشن کے ثبوت ہر جگہ پڑے ہیں مگر کوئی ادارہ ہاتھ ڈالنے کےلئے تیار نہیں ہے، ہم نے انصاف کے ہر ادارے میں بھی آواز اٹھائی اور سڑکوں پر بھی صدائے احتجاج بلند کی، جب تک سانس باقی ہے جہدوجہد جاری رکھوں گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک بھرکے ضلعی صدور کو ہدایت کی کہ وہ تنظیم سازی اور رابطہ کارکن مہم کو تیز کریں، جلد دوسرے راﺅنڈ کا اعلان ہو گا جس کی کرپٹ اور قاتل حکمران تاب نہیں لا سکیں گے۔ انہوں نے کہا پھر کہتا ہوں کہ شریف برادران سلامتی اور غریب عوام کے دشمن ہیں انکے ہوتے ملک بحرانوں کا شکار رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب دہشتگردوں کی پناہ گاہ ہے، ایپکس کمیٹی کے ذمہ داران واضح کر چکے کہ پنجاب پولیس دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کی اہلیت سے محروم ہے اس کے باوجود رینجرز کو پنجاب میں آپریشن کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ دہشتگردی صرف کراچی میں نہیں پنجاب میں بھی ہے۔ پنجاب میں آپریشن کے حوالے سے جتنی تاخیر ہو گی دہشتگردی کے ناسور کی جڑیں اتنی گہری ہونگی۔
طاہرالقادری