بلوچستان کے عوام پرامن‘ محب وطن اور پاکستان کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں: محمد رفیق تارڑ
لاہور(خصوصی رپورٹر)بلوچستان کے عوام پرامن، محب وطن اور پاکستان کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر میں ہونیوالا حملہ انتہائی افسوسناک ہے اوراس کے نتیجہ میں ہونیوالی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے کارکن ،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میںٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید کی قیادت میں جانیوالے وفد کے دورۂ کوئٹہ کے اثرات و ثمرات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد ، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، جسٹس (ر) خلیل الرحمن ، چودھری نعیم حسین چٹھہ،افتخار علی ملک، بیگم صفیہ اسحاق، ڈاکٹر پروین خان، محمد ریاض چودھری بھی موجود تھے۔ شاہد رشید نے دورہ ٔکوئٹہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے۔