حکومت‘ اپوزیشن میں چور بیٹھے ہیں‘ وزیراعظم سمیت ہر کرپشن کرنیوالے کا بے رحم احتساب ہونا چاہئے: سراج الحق
لاہور (وقائع نگار خصوصی + این این آئی) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ہویا نام نہاد اپوزیشن ہر جگہ چور بیٹھے ہیں جو احتساب چاہتے ہیں نہ چوری کا مال واپس کرنے کو تیار ہیں، چوروں کے ذریعے چوروں کا احتساب نہیں ہوسکتا، قوم احتساب اور مکمل حساب کتاب چاہتی ہے، وزیر اعظم نے تین بار ٹی وی پر خود کو احتساب کیلئے پیش کیا مگر ایک بار بھی کسی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے، پانامہ لیکس کے حوالے سے جوڈیشل کمشن حمود الرحمن کمشن کی طرح انکوائری کرے اور معاملہ کا ٹرائل کیا جائے۔ الیکشن کمشن، نیب اور احتساب کے دیگر ادارے یرغمال ہیں، مردم شماری اوراردو کو قومی و دفتری زبان بنانے کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا، وکلاء نے تحریک پاکستان اور ملک میں ڈکٹیٹر شپ کے خاتمہ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، اب ضرورت ہے کہ وکلاء کرپشن کے خاتمہ اور دیانتدار قیادت کے انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے میدان میں آئیں۔ وہ لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر رانا ضیاء عبد الرحمن اور سیکرٹری انس غازی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں جسٹس ریٹائرڈ حافظ عبد الرحمن انصاری، نائب امیر اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ مشرف کو اس کے انجام تک پہنچانے میں اللہ نے وکلاء سے ابابیلوں کا کام لیا ،مگر آج پھر حکمران پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کیلئے خطرہ بن چکے۔ انہوں نے کرپشن کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں صرف وزیر اعظم نواز شریف کی ہی نہیںبلکہ اقتدار میں رہنے والے موجودہ اور سابقہ حکمران جنہوں نے قومی دولت کو دل کھول کر لوٹا اور کرپشن کا پیسہ بیرونی بنکوں میں رکھا سب کے بلاامتیاز اور بے رحم احتساب کی بات کرتا ہوں۔ عمران خان کو چاہئے تھا کہ 2 نومبر کے لانگ مارچ سے قبل تمام سیاسی جماعتوں خاص کر جماعت اسلامی سے مشاورت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ صلاحیتوں سے مالا مال نوجوانوں کو جب ان کے حق سے محروم رکھا جائے تو وہ مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں اور خود کش بمبار بنتے ہیں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30اکتوبر کو جماعت اسلامی لاہور میں کرپشن مکائو مارچ کررہی ہے جس میں وکلاء برادری اور زندہ دلان لاہور لاکھوں کی تعداد میں شریک ہونگے۔سینیٹر سراج الحق نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور سانحہ کوئٹہ، مردان اور دیگر واقعات میں شہید ہونے والے وکلاء اور سکیورٹی اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔